بلدی ملازمین کے بعد مئیر حیدرآباد کا ڈرائیور بھی کورونا سے متاثر

   

بی رام موہن کابھی آج معائنہ ہوگا ۔ افراد خاندان کے ساتھ قرنطینہ میں رہنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔11جون(سیاست نیوز) مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن اپنے افراد خاندان کے ساتھ گھریلو قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔مئیر کے ڈرائیور کو کورونا مثبت پائے جانے کے بعد مئیر نے جو لاک ڈاؤن کے دوران بھی سرگرم تھے خودکو گھریلو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ مسٹر بی رام موہن کا کورونا کا معائنہ جمعہ کو کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند یوم قبل مئیر نے کورونا کا اپنا معائنہ کروایا تھا لیکن رپورٹ منفی تھی اور آج جب ان کے ڈرائیور کی رپورٹ مثبت پائی گئی تو انہوں نے خود کو اپنے افراد خاندان کے ساتھ قرنطینہ میں چلے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔گذشتہ تین یوم سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا دفترسرخیوں میں ہے کیونکہ جی ایچ ایم سی کے صدر دفتر کے علاوہ دیگر دفاتر میں بھی کورونا کے مثبت مریض پائے جانے لگے تھے اور آج مئیر کے ڈرائیور کو ورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے اس کے ساتھ ہی دفتر میں مزید دہشت پیدا ہوچکی ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ کورونا کے متاثرہ ڈرائیور نے آج صبح تک مئیر کے ساتھ خدمات انجام دی ہیں اورانہیں کسی قسم کی کوئی علامات نہ ہونے کے باوجود جی ایچ ایم سی ملازمین کا جو معائنہ کیا جارہا ہے اسی میں ان کا معائنہ کیا گیا تھا لیکن جب معائنہ کی رپورٹ مثبت پائی گئی تو فوری مئیر حیدرآباد نے خود کو گھریلو قرنطینہ میں رکھنے اور آئندہ 14یوم تک کسی سے ملاقات نہ کرنے کے علاوہ دفتر بھی نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مئیر جی ایچ ایم سی کے افراد خاندان نے بھی خود کو گھر کی حد تک محدود کرنے کے علاوہ از سر نو کورونا معائنہ کرونے کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے جمعہ کو مئیر اور افراد خاندان کا معائنہ کیا جائے گا۔