بلدی و آبرسانی مسائل کی یکسوئی کیلئے نمائندگی

   

جناب اکبر الدین اویسی قائد اپوزیشن کی بلدی نظم ونسق ،
بلدیہ اور آبرسانی بورڈ عہدیداروں سے نمائندگی
حیدرآباد۔12۔اکٹوبر(سیاست نیوز) پرانے شہر میں محکمہ بلدی و آبرسانی کے حل طلب مسائل کی یکسوئی کے لئے قائد اپوزیشن جناب اکبر الدین اویسی نے پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں سے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے کارپوریٹرس کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے ان کاموں کو جلد مکمل کرنے کی خواہش کی ہے اور کہا کہ عرصہ دراز سے نمائندگیوں کے باوجود پرانے شہر بالخصوص حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں کی جانے والی نمائندگیوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے اور استفسار پر یہ کہاجا رہاہے کہ بجٹ کی قلت کے سبب کاموں کو مکمل کرنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ رکن اسمبلی چندرائن گٹہ جناب اکبر الدین اویسی نے پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار کے دفترمیں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار ‘ ضیاء الدین چیف انجنیئرجی ایچ ایم سی کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں حل طلب مسائل سے واقف کروایا اور پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ انہوں نے بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر محکمہ آبرسانی مسٹر دانا کشور سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے حلقہ اسمبلی میں جاری محکمہ آبرسانی کے کاموں اور نئے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کی خواہش کی اور ان کو بھی ایک مکتوب نمائندگی حوالہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں توجہ دلائی۔م