بلز کی عدم اجرائی پر برہم کنٹراکٹر نے اسکول کے ر ومس کو قفل ڈال دیا

   

طلبہ اسکول کے احاطہ میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے کیلئے مجبور، اولیائے طلبہ کی ناراضگی
حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) زیرالتواء بلز کی عدم اجرائی پر ایک کنٹراکٹر نے سرکاری اسکولس کے رومس کو قفل ڈال دیا۔ طلبہ کو اسکول کے احاطہ میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا پڑرہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ورنگل کے نیکونڈا منڈل میں جمعہ کو یہ واقعہ پیش آیا۔ ٹی سمبیا نامی کنٹراکٹر نے نیکونڈا گورنمنٹ پرائمری اسکول میں دو کلاس رومس اور بیت الخلاء کے ساتھ اسکول میں ضعیف رائے دہندوں کیلئے ریمپس تعمیر کروایا۔ سال 2017-18ء میں 20 لاکھ روپئے کی لاگت سے یہ تعمیرات کی گئی تھی۔ ان تعمیراتی بلز کیلئے کنٹراکٹر سمبیا لمبے عرصہ سے عہدیداروں کے پاس چکر لگارہا ہے۔ گذشتہ سال صرف 10 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ماباقی زیرالتواء رقم کی اجرائی میں عہدیداروں کی جانب سے لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر 6 ماہ قبل سمبیا نے بیت الخلاء کو قفل ڈال دیا تھا۔ تاہم بلز کی اجرائی کیلئے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی جانب سے تیقن دینے پر قفل کھول دیا تھا۔ باوجود اس کے ابھی تک بل منظور نہ ہونے پر جمعہ کو کلاس رومس کو قفل ڈال دیا۔ کنٹراکٹر کا کہنا ہیکہ اس نے جو قرض حاصل کیا تھا، بلز کی عدم اجرائی پر اس کا سود بڑھ رہا ہے۔ وہ عہدیداروں کے پاس چکر کاٹتے ہوئے تھک چکا ہے۔ اسکول میں جملہ 4 کلاس رومس ہیں، جن میں دو رومس مخدوش ہوچکے ہیں اور دو رومس کو کنٹراکٹر نے قفل ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ اسکول کے احاطہ میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں۔ منڈل ایجوکیشن آفیسر رتنامالا اور ہیڈ ماسٹر جان نے بتایا کہ کنٹراکٹر کی جانب سے اسکول کے رومس کو قفل ڈالنے کے تعلق سے ڈی ای او کو اطلاع دی گئی ہے۔ اسکول میں زیرتعلیم طلبہ کے والدین اس واقعہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد مسئلہ کا حل برآمد کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ن