بلقیس ایدھی کی وفات پر ہندوستانی بھی دْکھی

   

نئی دہلی؍ کراچی۔ خدمت خلق کے شعبہ میں پاکستان اور دنیا کی جانی مانی شخصیت عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی کے وفات پر نہ صرف پاکستان بلکہ ہندوستان میں بھی دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہندوستان کے معروف صحافی نے بلقیس ایدھی کی گیتا اور وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ یادگار تصویر جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ بلقیس ایدھی، گیتا اوروزیراعظم مودی کی یہ تصویر 2015 میں دہلی میں لی گئی تھی۔ ہندوستانی صحافی نے بتایا کہ پاکستانی انسان دوست بلقیس ایدھی نے ہندوستانی شہری گیتا کی وطن واپسی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کراچی میں ان کے انتقال کے بعد دنیا بھر سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ ہندوستانی صحافی سدھانت نے گیتا کی عبدالستار ایدھی اور بلقیس ایدھی کے ہمراہ بیٹھے تصویر بھی جاری کی۔ یاد رہے کہ ماضی میں غلطی سے پاکستان آنے والی قوت گویائی اور سماعت سے محروم گیتا کی واپسی میں بلقیس ایدھی نے غیر معمولی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔