یومیہ 5 کلومیٹر پنجوں پر چلنے والے سابق ایڈیشنل ایس پی ہری ہر سنگھ ملک کے پہلے شخص ، جاگنگ کے دوران حیرت انگیز مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : انسان اپنے عزم و حوصلوں اور بلند ارادوں کے ساتھ ساتھ سخت محنت کے ذریعہ زندگی کی ہر مشکل ہر پریشانی اور خطرناک سے خطرناک بلکہ جان لیوا بیماریوں کا بھی مقابلہ کرسکتا ہے ۔ آج ہم آپ کو ایسی ہی ایک شخصیت کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہوں نے فالج ، پیٹ کا کینسر ، امراض قلب ( جس کے لیے انہیں بائی پاس سرجری سے بھی گذرنا پڑا ) کینسر کے باعث ان کا 80 فیصد پیٹ نکالدیا گیا ، پیشاب کی نالی سے پتھری نکالنے کے لیے بھی ایک بڑے آپریشن سے گذرنا پڑا ۔ سال 2000 سے لے کر سال 2005 ان کے لیے بڑا آزمائشی رہا لیکن قدرت نے انہیں وہ خود اعتمادی عزم و حوصلہ عطا کیا کہ ہر بیماری پر قابو پاتے گئے اور آج 76 کی عمر میں وہ دس کلو میٹر جاگنگ کرتے ہیں ۔ ہم بات کررہے ہیں شہر حیدرآباد کے رہنے والے سابق ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی جنہیں حیدرآباد کا فلائنگ سکھ کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے مختلف پولیس ڈیویژنس جیسے لا اینڈ آرڈر ، ٹریفک ، کرائم اینڈ ویجلنس انفورسمنٹ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ 1974 تا 2007 محکمہ پولیس میں دیانتدارانہ خدمات کا وہ ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں متعدد امراض یا بیماریوں کی شکل میں آنے والی ہر رکاوٹ کو چہل قدمی اور جاگنگ کے ساتھ ساتھ یوگا کے ذریعہ دور کیا۔ 6 ماہ قبل تک بھی وہ یومیہ دس کلو میٹر جاگنگ کیا کرتے تھے جب کہ دیڑھ گھنٹے یوگا کرتے اب وہ باغ عامہ میں ہر روز 5 کلو میٹر جاگنگ کرتے ہیں لیکن ایسے جاگنگ کرتے ہیں جو اب تک کسی نے نہیں کیا ۔ دراصل اس میں صرف پنجوں پر جاگنگ کی جاتی ہے اور جاگنگ کے دوران سانس باہر چھوڑی جاتی ہے اس طرح کی مشق بہت مشکل ہے لیکن سردار ہری ہر سنگھ نے اسے اپنا کر سب کو حیران کردیا ہے ۔ وہ ابھی تک 50 ہزار کلومیٹر تک دوڑنے والے سابق پولیس عہدہ دار ہیں ۔ 2012 میں ایرٹیل میراتھن کا سفیر مقرر کیا گیا ۔ ایس بی آئی گرین لانگ ڈسٹنس 10k رن میں انہوں نے ایک گھنٹہ 38 منٹ میں فاصلہ طئے کر کے خود اپنا ریکارڈ توڑ دیا ۔ سردار ہری ہر سنگھ نے متحدہ حکومت آندھرا پردیش کے خلاف قانونی لڑائی لڑتے ہوئے جی او 610 پر عمل آوری کو یقینی بنایا ۔ آپ کو بتادیں کہ سردار ہری ہر سنگھ ناشتہ میں دس بارہ مامرہ بادام ، 5 اخروٹ ، ایک چمچ چون پراش ، ایک مگ ہلدی ملا ہوا دودھ ، سلاجیت کے دو بوند اور ایک گلاس راگی کھاتے ہیں ۔ دوپہر میں دلیہ ، سبزی کا سالن ، ابلے ہوئے دو انڈے ، چار بجے ایک سیب ، 6 بجے ایک کپ چائے بنا شکر اور بسکٹ کھاتے ہیں ۔ رات کے کھانے میں دلیہ سبزی کا سالن اور ابلے ہوئے دو انڈے استعمال کرتے ہیں ۔ وہ لوگوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے حوصلہ اور ارادہ ہمیشہ بلند رکھو ، چہل قدمی کرو اور خوش رہو ۔۔