بلوچستان شدید بارش اور برفباری کی زد میں

   

خیبرپختونخواہ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور برفباری کیباعث متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع قلعہ عبداللہ میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کے لئے فوج سے مدد مانگ لی گئی ہے۔جبکہ متعلقہ صوبائی محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر امدادی کاروائیوں کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔بارش کے حالیہ سلسلے سے قلعہ عبد اللہ ٹاؤن اور گرد و نواح کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والی بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا۔قلعہ عبد اللہ کے مقامی صحافی حیات اللہ اچکزئی نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ سیلابی پانی سے متعدد دکانوں اور گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔سیلابی پانی سے نوشکی اور خضدار کے بعض علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں بھی لوگ متاثر ہوئے ہیں۔بارش اور شدید برفباری سے کوئٹہ، قلات، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، پشین اور قلعہ عبد اللہ کے اضلاع کے مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔پشین کے علاقے توبہ کاکڑی کا راستہ بھی بند ہے۔ اس علاقے کے ایک مکین روزی خان کاکڑ نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ توبہ کاکڑی کے راستے بند ہونے سے لوگوں کے لیے آمد و رفت مشکل ہوگئی ہے۔انھوں نے متعلقہ عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں امدادی ٹیمیں بھیجیں تاکہ راستوں کو کھولا جاسکے۔