بلہارشاہ ریلوے جنکشن کے فٹ اوور برج کا حصہ گرگیا

   

ایک ہلاک ، 20 سے زیادہ زخمی،ریلوے کی جانب سے ایکس گریشیا کا اعلان
ممبئی : مہاراشٹر اکے چندر پور میں بلہارشاہ ریلوے جنکشن پر فٹ اوور برج کا ایک حصہ گرنے سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ کئی مسافر تقریباً 60 فٹ کی بلندی سے پٹری پر پل سے گر گئے۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ 20 سے زیادہ مسافر زخمی ہو گئے۔ 8افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔متاثرہ مسافر پلیٹ فارم نمبر 1 سے پلیٹ فارم نمبر 4 کی طرف جا رہے تھے۔ زخمیوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد بلہارشاہ ریلوے اسٹیشن پر مسافرین میں کچھ دیر کیلئے خوف کا ماحول دیکھا گیا۔ ریلوے نے متاثرین کیلئے ایکس گریشیاکا اعلان کیا ہے۔ شدید طور پر زخمی افراد کو ایک لاکھ اور معمولی طور پر زخمی افراد کو 50 ہزار روپئے ایکس گریشیادیا جائے گا۔ فٹ اوور کا سلاب کا کچھ حصہ ٹوٹ کر نیچے گذر رہے مسافروں پر گر پڑا ۔ بعض افراد ہائی وولٹیج تار کی زد میں آ کر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں مسافر پونے جانے والی ٹرین میں سوار ہونے کیلئے فٹ اوور برج سے گذر رہے تھے۔ ریلوے پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 13 افراد فٹ اوور برج سے 20 فٹ نیچے پٹریوں پر گر پڑے۔ زخمیوں کو بلارپور رورل ہاسپٹل طبی امداد کے بعد چندرپور گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔