بل اور ملنڈا گیٹس طلاق لیں گے

,

   

اپنے امدادی فاؤنڈیشن کیلئے بدستور کام کرنے کا عزم، ٹوئیٹر پر لاکھوں صارفین کا اظہارتعجب

نیویارک ؍ نئی دہلی : مائیکرو سافٹ کے سابق معاون بانی اور سی ای او بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ اپنی 27 سالہ طویل شادی کے بعد علحدہ ہورہے ہیں۔ ٹوئیٹر پر ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی شادی پر انہوں نے بہت غوروخوض کیا اور ہر زاویہ سے ازدواجی تعلقات کو قائم رکھا جائے یا نہیں، نظر ڈالی گئی لیکن بالآخر یہ فیصلہ کیا گیا ہیکہ ہم اپنی شادی شدہ زندگی مزید جاری نہیں رکھ سکتے۔ گزشتہ 27 سال میں ہم نے تین بچوں کی پرورش کرتے ہوئے انہیں قابل انسان بنایا اور ایک ایسے فاؤنڈیشن کی داغ بیل ڈالی جو ساری دنیا میں فعال ہے جس کے ذریعہ لوگ ایک بامقصد اور صحتمند زندگی گزار رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کافی غوروخوض کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ہم زندگی کے اگلے مراحل میں قدم سے قدم ملا کر نہیں چل سکتے۔ البتہ ہم بل گیٹس فاؤنڈیشن سے وابستہ اپنے فرائض بخوبی انجام دیتے رہیں گے۔ ہم چونکہ زندگی کے ایک نئے مرحلہ میں داخل ہورہے ہیں لہٰذا ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔ ٹوئیٹر پیغام عام ہوتے ہی لاکھوں کی تعداد میں صارفین نے دنیا کے اس اہم ترین اور بارسوخ جوڑے کی علحدگی پر تعجب کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے ازراہ مذاق یہ بھی پوچھا کہ ’’کیا مسٹر گیٹس آپ سنگل ہیں؟‘‘ یاد رہیکہ سابق میاں بیوی نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن چلانے کا کام بخوبی انجام دیا جبکہ کوویڈ سے لڑنے، موسمی تغیر اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے شعبہ میں اب تک زائد از 50 بلین ڈالرس عطیہ دے چکے ہیں۔ دریں اثناء فاؤنڈیشن کے ایک ترجمان نے اپنے ایک ای ۔ میل بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کیلئے طلاق کے بعد بھی سابق میاں بیوی بدستور ٹرسٹیز کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔