بل گیٹس ‘ مائیکرو سافٹ بورڈ آف ڈائرکٹرس سے علیحدہ

   

سان فرانسسکو 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے خیراتی سرگرمیوں میںزیادہ حصہ لینے کیلئے بورڈ آف ڈائرکٹرس سے علیحدگی اختیار کرلی ہے ۔ 64 سالہ بل گیٹس گذشتہ تقریبا ایک دہے سے فرم کی یومیہ مصروفیات سے خود کو دور رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے زیادہ تر وقت اپنے فاونڈیشن کیلئے صرف کیا ہے جو ان کے اور ان کی شریک حیات کے نام سے کام کرتا ہے ۔ بل گیٹس نے 2014 تک مائیکروسافٹ کے بورڈ آف ڈائرکٹرس صدر نشین کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور اب وہ اس سے پوری طرح دور ہوگئے ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکیٹیو ستیہ ناڈیلا نے کہا کہ بل گیٹس جیسی شخصیت کے ساتھ کام کرنا انتہائی اعزاز کی بات رہی ہے ۔ بل نے یہ کمپنی ایک جذبہ کے ساتھ کام کی تھی اور اس کمپنی نے یہ مقصد پورا بھی کیا ہے ۔ بل گیٹس اب اپنا زیادہ تر وقت خیراتی و امدادی سرگرمیوں میں صرف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔