گوہاٹی،8اپریل (یواین آئی )آئی پی ایل 2026میں راجستھان رائلز کے نوجوان ویبھو سوریا ونشی کی طوفانی بیٹنگ نے کرکٹ کی دنیا کو حیران کر دیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے سابق عظیم فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ سوریہ ونشی کی بے خوف بیٹنگ نے دنیا کے بہترین بولر جسپریت بمراہ کو بھی دباؤ میں ڈال دیا ہے ۔راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں شکست کے بعد ممبئی انڈینز کے کوچ ماہیلا جے وردھنے نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس منصوبے تو تھے ، لیکن کھلاڑی انہیں درست طریقے سے نافذ نہ کر سکے ۔ بارش کی وجہ سے 11 اوورز تک محدود کیے گئے اس میچ میں راجستھان کے اوپنرز نے ممبئی کے بولنگ اٹیک کے پرخچے اڑا دیے ۔جے وردھنے نے پریس کانفرنس میں کہاہمیں خطرے کا اندازہ تھا، خاص طور پر پاور پلے میں۔ ہم نے اپنی لائن اور لینتھ درست نہیں کی جس کا فائدہ راجستھان نے بھرپور طریقے سے اٹھایا۔راجستھان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محض 5 اوورز میں 80 رنز بنا ڈالے ۔ ونشی کی 14 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز نے میچ کا رخ بدل دیا۔ڈیل اسٹین نے اس حوالے سے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ونشی نے بولروں کے دل میں یہ خوف پیدا کردیا ہے کہ وہ ہرگیند پر باؤنڈری مارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اسٹین کے مطابق جب ونشی نے بمراہ کو مڈ آن کے اوپر سے چھکا مارا، تو بمراہ جیسے بولر بھی یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ غلطی مت کرنا، ورنہ گیند اسٹینڈز میں جائے گی۔ اسٹین نے مزید کہا کہ بمراہ اس چھکے کے بعد تھوڑا مسکرائے ۔E/K