نئی دہلی ۔ ٹیم انڈیا کے اسٹار بولر جسپریت بمراہ ایک بار پھر دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ بولر بن گئے ہیں۔ چہارشنبہ کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں جسپریت بمراہ نے دو بولروں کو شکست دے کر نمبرایک مقام حاصل کرلیا ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولرکاگیسو ربادا سرفہرست تھے۔ جوش ہیزل ووڈ دوسرے نمبر پر تھے لیکن پرتھ میں اپنی شاندار کارکردگی کے بعد بمراہ نے ان دونوں کو شکست دے کر نمبر ایک بولر ہونے کا تاج اپنے نام کیا۔ آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ رینکنگ میں جسپریت بمراہ883 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ربادا 872 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جوش ہیزل ووڈ 860 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ آف اسپنر آراشون چوتھے نمبر پر ہیں جڈیجہ ساتویں نمبر پر ہیں۔30 اکتوبرکو جسپریت بمراہ سے ان کا نمبر ایک مقام چھین لیا گیا تھا ۔ ان کی جگہ ربادا نے یہ مقام حاصل کیا تھا لیکن 27 دنوں کے اندر بمراہ کو ایک بار پھر اپنا تاج مل گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں بمراہ جس فارم میں نظر آرہے ہیں اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس کھلاڑی کو نمبر ایک مقام سے ہٹانا نہ صرف مشکل بلکہ ناممکن ہے۔ پرتھ ٹسٹ میں بمراہ نے جملہ 8 وکٹیں حاصل کیں جن میں سے انہوں نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پرتھ میں صرف 150 رنز پرڈھیر ہونے والی ٹیم انڈیا نے صرف بمراہ کے زور پر واپسی کی اور مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 5 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ دائیں ہاتھ کے اس بولر نے لیجنڈ بیٹرس سے لیس آسٹریلیا کے بیٹنگ شعبہ کو تہس نہس کردیا تھا اور کینگروزکو اپنے ہی گھر پر 295 رنزکی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب بمراہ کو ٹسٹ سیریز میں مزید 4 میچ کھیلنے ہیں اور اگر ان کی کارکردگی اسی طرح جاری رہی تو کوئی بھی انہیں نمبرایک مقام سے جلد نہیں ہٹا سکے گا۔دوسری جانب بیٹرس کی درجہ بندی میں ہندوستانی اوپنر نے بھی کریئر کا بہترین مقام حاصل کرلیا ہے۔ پرتھ ٹسٹ میں اپنے بیٹ سے ہلچل پیدا کرنے والے یشسوی جیسوال نے ایک بار پھر شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس بار آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں کچھ حیران کن ہوا ہے جہاں یشسوی نے اپنے کیریئرکا بہترین مقام حاصل کرلیا ہے۔ جیسوال آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ کھلاڑی کین ولیمسن اور ہیری بروک ہیں وہ دونوں سے آگے نکل گئے ہیں۔ دوسری جانب پرتھ ٹسٹ کے ایک اور سنچری بنانے والے کو بھی آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے ۔ ویراٹ کوہلی نے 9 بیٹرس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وہ 13 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔