دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلی جا رہی ٹسٹ سیریز کے درمیان تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی جاری کردی ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کو اس درجہ بندی میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہندوستان کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ٹسٹ میں نمبر ون بولر کے تاج سے محروم ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جا رہی ٹسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی اب تک کچھ خاص نہیں رہی جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے بولر نے انھیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس افریقی بولر نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ جسپریت بمراہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ایک بھی وکٹ نہیں ملی جس کی وجہ سے انہیں تازہ ترین ٹسٹ رینکنگ میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اب وہ پہلے نمبر سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اب ٹسٹ کے نئے نمبر ایک بولر بن گئے ہیں۔ کگیسو ربادا حال ہی میں ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں گیندوں کے حساب سے 300 وکٹیں لینے والے تیز ترین بولر بن گئے، اب انہیں آئی سی سی کی جانب سے ٹسٹ رینکنگ میں اس کا انعام مل گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت بنگلہ دیش کے دورے پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ اس سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقی ٹیم نے جیتا ہے۔ اس جیت کے ہیرو کاگیسو ربادا تھے۔ کگیسو ربادا نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں 3 بیٹرس کو اپنا شکار بنایا اور پھر دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیم انڈیا کے نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال کو تازہ ترین درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے۔ وہ اب ٹسٹ میں نمبرتین بیٹر بن گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی رشبھ پنت کو 5 مقام کا نقصان ہوا ہے۔ اب وہ گیارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ویراٹ کوہلی بھی 6 درجے نیچے14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ روہت شرما کو ایک بار پھر بڑا نقصان ہوا ہے۔ وہ 9 مقامات کے نقصان کے بعد اب 24 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شبمن گل بھی 19ویں سے 20 ویں مقام پر چلے گئے ہیں۔