بمراہ چمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں شرکت سے محروم

   

نئی دہلی : چمپئنز ٹرافی کے دن قریب آرہے ہیں۔ اس حوالے سے ہندوستانی ٹیم میں بمراہ کے بارے میں خبریں اچھی نہیں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جسپریت بمراہ کے چمپئنز ٹرافی میں کھیلنے پر تجسس برقرار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر وہ چمپئنز ٹرافی بھی کھیلتے ہیں تو انہیں ٹیم انڈیا کا ناک آؤٹ تک پہنچنے کا انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ وہ گروپ مرحلے کے میچ تک فٹ رہیں گے، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ بمراہ کو آسٹریلیا میں سڈنی ٹسٹ کے دوران کمر میں جکڑن ہوئی تھی جس کے بعد انہیں میدان چھوڑنا پڑا تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ بمراہ کی حالت اتنی خراب کیوں ہے؟ پہلی وجہ بمراہ کا آسٹریلیا کے دورے پر لگاتار5 ٹسٹ کھیلنا ہے۔ جسپریت بمراہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی بارڈر ۔گواسکر ٹرافی میں ہندوستانی فاسٹ بولنگ کی قیادت کی تھی ۔ یہی نہیں وہ دو ٹسٹ میں کپتان بھی رہے۔ ایسے میں بمراہ ہندوستان کے لیے سیریزکے پانچوں ٹسٹ میں کھیلتے نظر آئے۔ بمراہ پہلے ہی انجری کی شکایت کر چکے ہیں جس کے بعد ان کے لیے پانچوں ٹسٹ کھیلنا خطرناک ہوگیا۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پانچوں ٹسٹ کھیلنے کی وجہ سے بمراہ کو ہر روز میدان میں رہنا پڑا، جس کی وجہ سے تھکاوٹ ہوئی اور اس کا اثر جسم پر نظر آنے لگا۔ بمراہ کے زخمی ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کی150 سے زیادہ اوورزکی بولنگ تھی۔ انہوں نے 5 میچوں کی ٹسٹ سیریزکی 9 اننگز میں جمبلہ 908 گیندیں کیں۔ وہ ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ گیندیں کرنے والے بولر تھے اور سیریز میں آسٹریلیا کے کپتان اور فاسٹ بولر پیٹ کمنزکے بعد دوسرے نمبر پر تھے۔ بمراہ کو اس کام کے بوجھ کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ ان سب کے علاوہ 5 شہروں کا سفر بھی بمراہ کے لیے تھکا دینے والا تھا اور اس کے جسم کو توڑ دیا، اس دوران انہوں نے تقریباً 7000 کلومیٹر کا سفر کیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بمراہ چوٹ کا شکار ہوئے ہوں۔ اس سے قبل وہ اگست 2022 میں کمر کی تکلیف، 2020-21 کے آسٹریلیا کے دورے کے دوران پیٹ میں تناؤ، 2019 کے وسٹ انڈیز کے دورے کے دوران کمرکے نچلے حصے کی چوٹ اور2018 کے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے دوران انگوٹھے کی چوٹ کا شکار ہوئے تھے۔