بمراہ کاسال کے پہلے ہی دن نیا ریکارڈ

   

سڈنی ۔ ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے حال ہی میں میلبورن ٹسٹ میں 9 وکٹیں لیے تھے۔ اس شاندار کارکردگی نے رینکنگ اپ ڈیٹس میں نمبرایک ٹسٹ بولر کے طور پر بمراہ کی برتری کو مضبوط بنانے میں مدد کی ہے۔ جسپریت بمراہ کے اب907 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اس کے ساتھ وہ آئی سی سی رینکنگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رینک والے ہندوستانی ٹسٹ بولر بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے ہندوستان کا کوئی بھی بولر ٹسٹ رینکنگ میں اتنے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل نہیں کر سکا تھا۔ یاد رہے کہ جسپریت بمراہ سے پہلے آراشون آئی سی سی رینکنگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رینک والے ہندوستانی ٹسٹ بولر تھے۔ بمراہ نے پچھلی رینکنگ میں ان کی برابری کی تھی اور اس بار وہ انہیں شکست دینے میں کامیاب رہے۔ اشون نے دسمبر 2016 میں 904 ریٹنگ پوائنٹس کو حاصل کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی دنیا کے تمام بولروں کی بہترین ریٹنگ کی فہرست میں وہ انگلینڈ کے ڈیرک انڈر ووڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر 17ویں نمبر پرآ گئے ہیں۔ دریں اثناء سال 2024 جسپریت بمراہ کے لیے بہت یادگار رہا۔ انہوں نے 21 بین الاقوامی میچوں میں 13.76 کی اوسط سے 86 وکٹیں حاصل کیں۔ جس میں انہوں نے پانچ مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 13 ٹسٹ میچوں میں 71 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب بارڈرگواسکر ٹرافی میں اب تک 4 میچوں میں30 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس فہرست میں کوئی دوسرا بولر بمراہ کے قریب بھی نہیں ہے اور وہ مین آف دی سیریز کیلئے مضبوط امیدوار ہیں ۔