دبئی: ہندوستانں کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے برسبین میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی مردوں کی ٹسٹ بولنگ درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام مزید مستحکم کر لیا ہے۔ بارش سے متاثرہ تیسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف 94 رنز کے عوض 9 وکٹوں کی کارکردگی نے انہیں 14 اضافی ریٹنگ پوائنٹس دلائے، جس سے ان کے کل نشانات 904 ہوگئے ہیں۔ اس ریٹنگ کے ساتھ بمراہ نے دسمبر 2016 میں سابق اسپنر روی چندرن اشون کے قائم کردہ ریکارڈ کی برابری کی اور آئی سی سی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹیڈ ہندوستانی ٹسٹ بولر بن گئے۔ بارڈر۔گواسکر ٹرافی کا ایک اور ٹسٹ میلبورن میں کھیلا جانا باقی ہے، جہاں بمراہ کے پاس اشون کے ریکارڈ کو توڑنے کا موقع ہے۔ جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، لیکن پوائنٹس کے لحاظ سے بمراہ سے کافی پیچھے ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے ہندوستان کے خلاف جاری سیریز میں اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھی اور مردوں کی ٹسٹ بیٹنگ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ گابا میں 152 رنزکی شاندار اننگز اور ایڈیلیڈ میں سنچری کے بعد وہ 825 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ہیڈ کے ہم وطن اسٹیو اسمتھ نے تیسرے ٹسٹ میں سنچری بنا کر ایک بار پھر ٹاپ 10 میں جگہ بنالی۔ دوسری جانب ہندوستانی اوپنر کے ایل راہول کی پہلی اننگز میں مزاحمتی کارکردگی نے انہیں 10 درجے اوپر لے جا کر 40ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے تیسرے ٹسٹ میں4 وکٹیں اور 42 رنز بنا کر آل راؤنڈر کی ٹاپ 10 فہرست میں جگہ دوبارہ حاصل کر لی۔ہندوستان کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز میں میز بان کپتان کمنز کے مظاہرہ قابل ستائش ہیں اور انہوں نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔