بنجارہ ہلز میں سارقین گرفتار،1.5 کروڑ مالیتی زیورات ضبط

   

حیدرآباد۔12فبروری ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے بین ریاستی سارقین کی ٹولی کے سرغنہ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی جس نے سنسنی خیز طور پر زائد از 1.5 کروڑ روپئے مالیتی زیورات کا سرقہ کرلیا تھا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ 8 ڈسمبر کو شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز کے ایک مکان میں کروڑہا روپئے کے ہیرے اور طلائی زیورات کا سرقہ ہوا تھا ۔ پولیس بنجارہ ہلز نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس سرقہ میں ملوث بین ریاستی سارقین کی ٹولی کو بے نقاب کیا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے رام اشیش مکھیا کے دو ساتھیوں بھگاوت مکھیا اور بھولا مکھیا کو 12 جنوری کو گرفتار کیا تھا لیکن رام اشیش مکھیا مسرقہ مال کے ساتھ فرار ہوگیا تھا ۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے اس کی تلاش شروع کردی تھی اور آج اسے کامیاب طور پر گرفتار کرلیا گیا اور اس کے قبضہ سے 1.5کروڑ روپئے مالیتی ہیرے اور طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ انہوں نے کہا کہ رام اشیش مکھیا ایک عادی سارق ہے اور وہ پاش علاقوں میں گھریلو ملازمت یا باورچی کے بھیس میں ملازمت کرنے کے بہانے سنگین سرقہ کی وارداتیں انجام دیتا تھا ۔