بنڈارو دتاتریہ اور دامودر راج نرسمہا کا دورہ کینسر ہاسپٹل

   

علاج کی سہولتوں کا جائزہ، شعور بیداری کیلئے خانگی ٹرسٹ کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ اور ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج حیدرآباد کے مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں سیکوریٹی ، صحت و صفائی اور کینسر سے بچاؤ کے لئے قائم کردہ شعور بیداری مرکز کا معائنہ کیا ۔ گورنر اور ریاستی وزیر نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے بات چیت کی ۔ ہاسپٹل میں ایک خانگی ٹرسٹ کی جانب سے گزشتہ دیڑھ برس سے صحت و صفائی ، سیکوریٹی اور شعور بیداری کے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ ایک سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ بنڈارو دتاتریہ اور دامودر راج نرسمہا نے خانگی ادارہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کینسر جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مریضوں کیلئے بہتر علاج کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا ۔ خانگی ادارہ کی جانب سے مہم میں بعض فارما کمپنیاں بھی شریک ہیں جو غریب مریضوں کی مدد کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر سرینواسلو نے گورنر اور ریاستی وزیر کو مریضوں کے علاج کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ اس موقع پر مریضوں میں پھل تقسیم کئے گئے۔ ٹرسٹ کے صدرنشین ڈاکٹر شرت ادنکی ، وینکٹیشورلو اور ہاسپٹل کے کئی ڈاکٹرس نے شرکت کی۔ بنڈارو دتاتریہ اور دامودر راج نرسمہا نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ 1