وزارت خارجہ اور ہندوستانی سفارتخانہ سے نمائندگی کا تیقن
حیدرآباد ۔13 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے فن لینڈ میں 6 مئی سے لاپتہ حیدرآبادی طالب علم جی منی دیپ ریڈی کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ ونستھلی پورم کی وائیدیہی نگر کالونی میں منی دیپ ریڈی کے والد متیم ریڈی اور والدہ شریمتی ممتا ریڈی کے علاوہ دیگر افراد خاندان نے منی دیپ ریڈی کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو توجہ دلانے کی درخواست کی۔ بنڈارو دتاتریہ نے فن لینڈ کے حکام کی جانب سے جاری تلاشی مہم کی تفصیلات حاصل کیں اور منی دیپ کا پتہ چلانے کیلئے مرکزی حکومت اور خاص طور پر وزارت خارجہ کی توجہ مبذول کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور فن لینڈ میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کو اس سلسلہ میں نمائندگی کی جائے گی۔ فن لینڈ میں بی ٹیک کی تعلیم حاصل کرنے والے منی دیپ ریڈی کے بارے میں مقامی تحقیقاتی ایجنسیوں نے کئی دعوے کئے ہیں ۔ تحقیقاتی ٹیم نے منی دیپ ریڈی کی نعش سمندر کے کنارے دستیاب ہونے کا دعویٰ کیا تاہم رشتہ داروں سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکام نے والدین سے تفصیلات حاصل کیں جس کی بنیاد پر جانچ جاری ہے۔ بنڈارو دتاتریہ نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے ممکنہ تعاون کا بھروسہ دلایا۔1/k/b/k