بنڈلہ گوڑہ میں دیوار گرنے سے 3 کمسن بچوں سمیت 8 افراد زندہ دفن

,

   

حیدرآباد : شہر میں شدید بارش کے نتیجہ میں آج رات دیر گئے پرانے شہر کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ چندرائن گٹہ میں ایک سانحہ پیش آیا جس میں 8 افراد بشمول 3 کمسن بچے زندہ دفن ہوگئے جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بنڈلہ گوڑہ محمد نگر میں واقع محمدیہ ہلز کے خانگی فارم ہاؤز کی پتھر کی دیوار اچانک منہدم ہونے کے نتیجہ میں 3 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 2 خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 8 افراد جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت عبدالصمد ، صبا، دو ماہ کے شیرخوار زین، ضہیب، انم اور دیگر کی حیثیت سے کی گئی۔ آج رات دیر گئے دیوار منہدم ہونے پر مقامی عوام نے ایک زبردست دھماکہ کی آواز سنی اور کچھ ہی دیر میں دیکھا کہ دو مکانات مکمل طور پر ملبہ میں تبدیل ہوگئے۔ اِس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور رہائشی علاقہ کے افراد چیخ و پکار کرنے لگے۔ اِس واقعہ کی اطلاع ملنے پر چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس عملہ، این ڈی آر ایف اور جی ایچ ایم سی کے ڈی آر ایف ٹیمیں جائے حادثہ پہونچ گئیں اور ملبہ میں دبی ہوئی نعشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون گجا راؤ بھوپال نے بتایا کہ اِس حادثہ میں 8 افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 4 زخمی افراد دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر ایم اے ماجد بھی جائے حادثہ پر پہونچ گئے اور راحت کاری کاموں کا جائزہ لیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی بھی پہونچ گئے اور معائنہ کیا۔