بنڈی سنجے کی گرفتاری سے تلنگانہ میں ڈرامہ کا آغاز

   

ٹوئٹر پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا ریمارک، کانگریس سے ٹی آر ایس خوف زدہ
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے گرفتاری اور قومی صدر جے پی نڈا کو ریالی سے روکنے کے واقعات کو ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ڈرامہ بازی سے تعبیر کیا۔ ٹوئٹر پر ریونت ریڈی نے لکھا کہ تلنگانہ میں ڈرامہ شروع ہوچکا ہے۔ پارٹ 1 کے تحت بنڈی سنجے کو گرفتار کیا گیا جبکہ پارٹ 2 میں جے پی نڈا کو حراست میں لیا جائے گا۔ دونوں کی ملی بھگت اور ڈرامہ بازی کے ذریعہ یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بی جے پی تلنگانہ میں اہم اپوزیشن ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میں اس ڈرامہ بازی کو عوام کے روبرو پیش کررہا ہوں اور وہی آنے والے دنوں میں مزید ڈرامہ کا مشاہدہ کریں گے۔ اسی دوران مہیش کمار گوڑ اور ڈاکٹر ملو روی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے خوف زدہ ہوکر ٹی آر ایس ریاست میں بی جے پی کو ہوا دے رہی ہے تاکہ عوام میں یہ تاثر پیدا ہو کہ کانگریس کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کو غیر ضروری طور پر حراست میں لیتے ہوئے سیاسی ڈرامہ بازی کا آغاز کیا گیا۔ خفیہ معاہدہ اور منصوبہ کے تحت دونوں پارٹیاں کام کررہی ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اسمبلی کے 14 حلقوں میں بی جے پی کو قائدین میسر نہیں ہیں لیکن ٹی آر ایس اسے اہم اپوزیشن کے طور پر پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی لاکھ ڈرامہ بازی کرلیں ریاست کے عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مرکز اور ریاست دونوں میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی۔ ر