بنڈی سنجے کی یاترا چھٹے دن میں داخل

   

حیدرآباد، 18ستمبر (یو این آئی) تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی پدیاترا کے چھٹے دن کا آغاز ملکاجگری سے ہوا۔ بی جے پی انچارج اروند مینن نے پدایاترا میں حصہ لیا۔ یہ پیدل یاترا جملہ 10.8 کلومیٹر تک جاری رہے گی۔ بنڈی سنجے نے کل مرکزی وزیر امیت شاہ کے دورہ کے پیش نظر پد یاترا کو روک دیا تھا۔وہ چوتھے مرحلہ کی یاترا کررہے ہیں۔ وہ اپنی اس 10 روزہ یاترا کے دوران 8 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کریں گے ۔ دسہرہ تہوار کے پیش نظر یہ یاترا 10 دنوں تک ہی محدود رہے گی۔ بنڈی سنجے اپنی اس یاترا کے دوران بلدی مسائل پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ ساتھ ہی راجیوسوگراہا مکانات کے عدم الاٹمنٹ، ڈبل بیڈروم مکانات کی عدم تعمیر، خراب سڑکوں، ٹریفک جام، نہروں پر غیرمجاز قبضوں اور آلودگی جیسے مسائل کو بی جے پی لیڈراٹھارہے ہیں۔بنڈی سنجے اس سے قبل بھی پرجا سنگرام یاترا کے کچھ مراحل مکمل کرچکے ہیں۔