کولکاتا: مرشدآباد ضلع کے شمشیر گنج اسمبلی حلقے سے کانگریس کے امیدوار رضا الحق کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔دو دن قبل ہی ان کی کورونا کی جانچ کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔46 سالہ رضا الحق کو چہارشنبہ کو سانس میں تکلیف ہونے کی وجہ سے جنگی پور میں واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کی صحت میں بہتری نہیں آ?ی۔ رات کے وقت ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی، جس کے بعد انہیں کولکاتا روانہ کیا گیا مگر آج صبح ان کی موت واقع ہو گئی ۔رضا الحق کے انتقال پر مغربی بنگال کانگریس کے سربراہ ادھیر رنجن چودھری نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کیلئے بڑا نقصان ہے۔ کانگریس اپنے ایک وفادار ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی جلسوں میں حفاظتی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے مختلف واقعات پر نوٹس لینا چاہئے۔ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ انہوں نے کمیشن کوخط لکھ کر کہا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی روکی جانی چاہئے۔