بنگال الیکشن : پانچویں مرحلہ میں 81 فیصد رائے دہی

,

   

تشدد کے معمولی واقعات ، بنگال کے دو حلقوں میں ووٹنگ ملتوی
کولکاتا: مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی پولنگ تشدد کے اکا دکا واقعات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق تشدد اور جھڑپ کے معمولی واقعات کے دوران 45حلقوں میں 15,789پولنگ بوتھوں پر ایک کروڑ سے زائد ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 5بجے تک 78.36فیصد پولنگ ہوئی تھی۔کمیشن کے ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 81فیصد سے زائد پولنگ ہونے کا امکان ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 6.30 بجے تک کالمپونگ میں69.56دارجلنگ میں 74.70فیصد، جلپائی گوڑی میں 81.61فیصد، شمالی 24پرگنہ میں 85.14فیصد، ندیا میں 81.50فیصد اور مشرقی بردوان میں 81.76فیصد پولنگ ہوئی ہے۔دی گنگا اسمبلی حلقہ کے علاقے کرولگچا میں مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ کہ سنٹرل فورسز نے فائرنگ کی۔مقامی لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ یہاں پرامن ماحول میں پرامن ووٹنگ جاری تھی۔ اچانک ہی مرکزی فورسیز کے 8 تا9 اہلکار نے فائرنگ کردی۔ تاہم اس معاملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔اس درمیان راجرہاٹ میں بی جے پی کے امیدوار اور سابق میئر بدھان نگر سبیاچی دتہ نے الزام لگایا ہے کہ ترنمول کانگریس کے غنڈوں نے ان کا گھیراو کرکے نعرے بازی کی ہے۔دوسری طرف ترنمول کانگریس نے الزام عاید کیا ہے کہ مرکزی فورسیز کی مدد سے ووٹروں کو دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہر حال، کمرہٹی اسمبلی حلقے میں بی جے پی کے پولنگ ایجنٹ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔متوفی کے بھائی نے الزام عاید کیا کہ وہ کافی دیر سے بے بس پڑے رہے لیکن کوئی بھی ان کی مدد کیلئے آگے نہیں آیا ۔ الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں جانگی پور اور شمشیر گنج اسمبلی حلقوں کے انتخابات کو ملتوی کردیا ۔ ریولوشنری سوشیلسٹ پارٹی کے 73 سالہ امیدوار پردیپ نندی کی جمعہ کو کورونا سے موت ہوگئی ۔ اندرون 24 گھنٹے یہ دوسرے امیدوار ہیں جن کی کورونا سے موت ہوئی ہے ۔ قبل ازیں شمشیر گنج اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار رضا الحق کا جمعرات کو کورونا سے انتقال ہوگیا ۔ ان حلقوں میں 26 اپریل کو ووٹنگ ہوگی ۔ اسی طرح اڑیسہ کے پپلی اسمبلی حلقہ کا انتخاب بھی ملتوی کردیا گیا ہے کیوں کہ کانگریس کے امیدوار اجیت منگراج کی بھی کوویڈ 19 سے موت ہوگئی ۔ جن جماعتوں کے امیدواروں کی موت ہوئی ہے انہیں دوسرے امیدواروں کو نامزد کرنے کا موقع دیا گیا ہے ۔