سرحدات کی فینسنگ کے کام میں ممتابنرجی حکومت اصل رکاوٹ ۔ ہیمنتا بسوا سرما کا دعوی
کولکاتہ، 25 اپریل (یو این آئی) چیف منسٹر آسام ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات اہم ہیں کیونکہ ان کے نتائج ملک کے تمام شمال مشرقی ریاستوں کی سلامتی پر اثر انداز ہوں گے ۔ بسوا سرما نے کہا کہ دراندازی ایک اہم مسئلہ ہے جو مغربی بنگال کو متاثر کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر قانونی درانداز جو بغیر کسی روک ٹوک کے مغربی بنگال کی سرحد عبور کر لیتے ہیں اکثر آسام، تریپورہ اور جھارکھنڈ جیسی پڑوسی ریاستوں میں پھیل جاتے ہیں۔ اس کے باوجود ترنمول کانگریس حکومت اس بارے میں کوئی قدم نہیں اٹھاتی۔ ان کے مطابق یہ صورتحال ملک کی سلامتی، خصوصاً شمال مشرقی ریاستوں کی سیکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کی ممتا بنرجی حکومت ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے فینسنگ کے منصوبے کو سست کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ بند 456 کلومیٹر کے حصے میں سے صرف 77 کلومیٹر کیلئے ہی زمین فراہم کی گئی ہے جس کی وجہ سے دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کام کی رفتار سست ہے ، جہاں فینسنگ کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر دیناج پور اور مالدہ جیسے اضلاع میں ووٹروں کی تعداد میں اضافہ اس لیے ہوا کیونکہ ترنمول حکومت نے دراندازوں کو ووٹ کا حق دے دیا۔ سرما نے کہاکہ ترنمول ایسی پارٹی ہے جو اپنے مفاد کیلئے دراندازوں اور یہاں تک کہ سرحد پار اسمگلنگ کی بھی فعال طور پر حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند دہائیوں میں مغربی بنگال کے سرحدی اضلاع کی آبادیاتی ساخت میں تبدیلی آئی ہے اور ایسے علاقوں میں ووٹروں کی تعداد میں بڑا اضافہ سرحد پار دراندازی سے جڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا، “بنگال کی ثقافتی وراثت اور ریاستی شناخت دراندازوں سے شدید خطرے میں ہے ۔