بنگال میں چوتھے مرحلے کی انتخابی مہم ختم

   

۔5 اضلاع کے 44 اسمبلی نشستوں کیلئے 10 اپریل کو پولنگ
کولکاتا : مغربی بنگال کے پانچ اضلاع میں پھیلی 44 اسمبلی نشستوں کیلئے چوتھے مرحلے کی پولنگ کے سلسلے میں زبردست انتخابی مہم آج شام ختم ہوئی ۔ ہفتہ /10 اپریل کو ووٹنگ ہوگی ۔ 1.15 لاکھ سے زیادہ ووٹرس 373 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ یہ اسمبلی حلقے اضلاع ہوڑہ ، جنوبی 24پرگنہ ، ہوگلی ، علی پور دار اور کوچ بہار میں پھیلے ہوئے ہیں ۔ 15,940 پولنگ اسٹیشنوں میں صبح 7 تا شام 6.30 بجے پولنگ ہوگی ۔ نمایاں امیدواروں میں سابق بنگال رانجی کرکٹ کپتان منوج تیواری (ٹی ایم سی) ، ریاستی وزیر تعلیم پارتھا چٹرجی اور مرکزی وزیر بابل سپریو شامل ہیں ۔ بی جے پی کی طرف سے وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر امیت شاہ اور برسراقتدار ٹی ایم سی کی طرف سے چیف منسٹر ممتابنرجی نے اس مرحلہ کیلئے جم کر انتخابی مہم چلائی ہے ۔ بی جے پی قائدین نے ہندو، مسلم برادریوں کا نام لیتے ہوئے الیکشن کو فرقہ وارانہ ماحول دینے کی کوشش کی لیکن جب ممتا بنرجی نے اقلیتی برادری سے متحد ہوکر ووٹ دینے کی اپیل کی تو الیکشن کمیشن انھیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کردی ہے۔