کلکتہ: بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کو خارج کردیا جائے گا۔ وجے ورگیہ نے کہا کہ ہم جلد ہی پارلیمنٹ میں شہری ترمیم بل پیش کریں گے اور اس کی بنیا د پر این آر سی جانچ شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی کے بعد مغربی بنگال میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے صرف ہندو رہ سکیں گے اور باقی کو ملک سے باہر کردیا جائے گا۔
وجے ورگیہ نے کہا کہ ہماری حکومت بنگال میں این آر سی لاگو کرے گی اور اس کے بعد ایک بھی ہندو کو بنگال نہیں چھوڑنا پڑے گا۔ انہوں نے ممتا بنرجی کی پارٹی کے نام لئے بغیر کہا کہ کچھ پارٹیاں اور ان کے رہنما این آر سی پر غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں اور عوام میں خوف پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی بھی ہندو کو ملک چھوڑنا نہیں پڑے گا۔ہر ہندو کو شہریت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ٹی ایم سی کی سربراہ و زیراعلی مغربی بنگال ممتا بنرجی نے این آر سی کو فرضی مہم قرار دیا تھا او رکہا تھا کہ این آر سی مغربی بنگال میں نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔