بنگال کے سرحدی علاقوں میں ووٹروں کو بی ایس ایف کی دھمکی

   


مخصوص سیاسی پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے پر زور ۔ الیکشن کمیشن سے ٹی ایم سی کی شکایت

کولکاتا : مغربی بنگال میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کے اجلاس کاملہ سے ملاقات کی اور الزام عائد کیاکہ بی ایس ایف ریاست کے سرحدی علاقوں میں لوگوں کو دھمکارہی ہے کہ اپنے ووٹوں کا الزام مخصوص سیاسی پارٹی کے حق میں کرے۔ بارڈر سکیورٹی فورس نے ٹی ایم سی کے الزام پر ابھی کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کی قیادت میں کمیشن کی مکمل ٹیم گزشتہ روز شام میں ریاست کو پہونچی۔ دو روزہ دورے میں وہ آنے والے اسمبلی چناؤ کے سلسلے میں جائزہ لیں گے۔ انتخابات کی تواریخ کا ابھی اعلان کیا جانا ہے۔ ٹی ایم سی سکریٹری جنرل پاتھا چٹرجی نے یہاں ای سی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ہم نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ای سی آئی عہدیداروں کو مطلع کیاکہ بی ایس ایف سرحدی علاقوں میں ووٹروں کو دھمکارہی ہے۔ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ نیم فوجی دستے کے عہدیدار مختلف گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو اپنے ووٹ ایک مخصوص سیاسی پارٹی کے حق میں ڈالنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ یہ خطرناک صورتحال ہے اور ای سی آئی کو ضرور اِس کا جائزہ لینا چاہئے۔ ای سی آئی کے عہدیدار مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات کررہے ہیں جس کے بعد مرکزی اور ریاستی ریگولیٹری ایجنسیوں کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ڈیویژنل کمشنرس، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اور سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔