کولکتہ 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مرکزی ٹیم نے آج مغربی بنگال کے جنوبی و شمالی 24 پرگنا اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے طوفان امفان کی وجہ سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ۔ سات رکنی ٹیم کی قیادت جوائنٹ سکریٹری ( سائبر وانفارمیشن سکیوریٹی ) وزارت داخلہ انوج شرما نے کی ۔ یہ ٹیم تین روزہ دورہ پر کل رات کولکتہ پہونچی تھی ۔ ٹیم کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ ایک ٹیم نے جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں پتھرپرتیما کا اور دوسری نے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں سندیش خالی کا دورہ کیا ۔ مرکزی ٹیم امکانات ہے کہ فضائی سروے کرنے کے علاوہ زمین پر بھی نقصانات کا جائزہ لے گی ۔ یہ ٹیم شمالی و جنوبی 24 پرگنا اضلاع کے نم خانہ اور ہنگال گنج کے علاوہ بشیر ہاٹ کا بھی دورہ کرسکتی ہے ۔ یہ ٹیم دہلی واپس ہونے سے قبل چیف سکریٹری راجیو سنہا اور دوسرے سینئر عہدیداروں سے ملاقات کرکے بات چیت بھی کریگی ۔ اس سائیکلون کے نتیجہ میں بنگال میں 98 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور جنوبی بنگال کے کئی اضلاع میں زبردست مالی نقصان بھی ہوا تھا ۔چیف منسٹر ممتابنرجی نے کہا تھا کہ ریاست کو طوفان سے ایک لاکھ کروڑ کا نقصان ہوا ہے اور مرکز نے ایک ہزار کروڑ روپئے مدد کی تھی ۔