نئی دہلی ۔ سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے آج بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کے انتخابی منشور میں بی جے پی کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ بی جے پی نے پارٹی کے مغربی بنگال انتخابی منشور میں اپنا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے اور یہ اعلان کردیا ہے کہ وہاں حکومت سازی کے پہلے ہی دن سی اے اے کو منظوری دے کر وہاں اس پر عمل آوری کرے گی ۔ پی چدمبرم نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون در اصل ملک کو بانٹتا ہے اور یہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک ہے ۔ اس کے نتیجہ میں ہندوستان کے لاکھوں شہری شہریت کے اپنے پیدائشی حق سے محروم کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا منشور در اصل لاکھوں غریب اور قانون کے پابند شہریوں خاص طور پر مسلمانوں میں خوف پیدا کرنا ہے اور انہیں ڈیٹنشن کیمپس میں قید کرنے کی دھمکی دینا ہے ۔ انہوں نے آسام اور مغربی بنگال کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے زہریلے ایجنڈہ کے خلاف فیصلہ کن انداز میں ووٹ کا استعمال کریں۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کل بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کیا تھا جس میں انہوں نے وعدہ کیا کہ بنگال میں اگر بی جے پی کو اقتدار ملتا ہے تو پہلی کابینی میٹنگ میں سی اے اے پر عمل آوری کو منظوری دی جائے گی ۔ امیت شاہ نے کہا تھا کہ یہ انتخابی منشور در اصل سنکلپ پتر ہے جس پر بنگال میں عمل کیا جائیگا ۔