ممبئی، بنگلورو میں‘این آئی اے کے چھاپے۔ ڈیجیٹل آلات، مختلف دستاویزات ضبط
بنگلورو: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے بنگلورو سے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد کا نام عارف ہے۔ وہ بنگلور میں ہی سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا۔ عارف گزشتہ دو سال سے دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے رابطے میں تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ داعش میں شامل ہونا چاہتا تھا اور افغانستان اور ایران کے راستے شام فرار ہونے کے چکر میں تھا۔ این آئی اے کے مطابق عارف ایک بنیاد پرست ہے۔ تاہم اب تک کسی واقعہ میں ملوث نہیں ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق، محمد عارف (40) جو اتر پردیش (یو پی) سے ہے، جو بنگلورو میں رہتا ہے، مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر سرگرم تھا اور طالبان اور القاعدہ کے ساتھ رابطے میں تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عارف مبینہ طور پر 10 مارچ کو ایران کے راستے شام جانے کے لیے ملک چھوڑنے کا منصوبہ بنا رہا تھا اور اس نے اپنے ٹکٹ خرید لیے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایجنسیوں کی جانب سے اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ عارف شادی شدہ ہے اور اپنی بیوی اور اپنے دو بچوں کے ساتھ بنگلورو میں رہ رہا ہے۔ ہفتہ کو، این آئی اے نے ممبئی کے پالگھر پولیس اسٹیشن اور بنگلورو میں تھانیندرا میں کچھ جگہوں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ جس میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے کچھ مشتبہ افراد پر چھاپہ مارا گیا۔