بنگلورو: کرناٹک میں بنگلورو سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ منگل کے بعدچہارشنبہ کو بھی تیز بارش سے تباہی ہوئی اور عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ مشکل حالات کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بنگلورو کے یلاہانکا میں موجود ’فینکس مال آف ایشیا‘ میں ہر جگہ پانی بھر گیا جس سے گاہک مال کے اندر نہیں جا پا رہے۔ منگل اور چہارشنبہ کو ہوئی بارش نے اس شاپنگ مال کے انتظام و انصرام کو تہس نہس کر دیا ہے۔ کیندریہ وِہار اپارٹمنٹ میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ٹریکٹر ٹرالی کی مدد سے گھروں سے باہر نکالا گیا۔ بنگلورو شہر وضلع میں حکومت کی جانب سے اسکولس بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔