بنگلور کی ریو پارٹی میں 86 افراد کے ڈرگس لینے کا ثبوت ، کمشنر پولیس کا دعویٰ

   

بلڈ سمپل پازیٹیو پائے گئے، فلم ایکٹریس ہیما کی شرکت، ضبط شدہ کار پر ایم ایل اے پاس

حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں منشیات کے خلاف حکومت کے سخت موقف اور غیر قانونی طور پر ڈرگس سربراہ کرنے والے پبس کے خلاف کارروائیوں کے آغاز کے ساتھ ہی سیاسی، فلمی اور صنعتی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ڈرگس کے شوقین افراد نے پڑوسی ریاست کرناٹک کا رخ کیا ہے۔ بنگلور کے فارم ہاؤزس میں ریو پارٹیوں کے انعقاد کی اطلاعات ملی ہیں اور ڈرگس کی سربراہی میں اضافہ کی اطلاعات پر بنگلور پولیس نے 19 مئی کو ایک فارم ہاؤز پر دھاوا کرتے ہوئے تقریباً 100 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ اس مقدمہ کے بارے میں روزانہ نئے انکشافات منظر عام پر آئے ہیں اور ڈرگ پارٹی نے کئی فلمی اور سیاسی شخصیتوں کے موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ کئی افراد اس پارٹی میں موجود تھے۔ ان کے علاوہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین کے افراد خاندان کے موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے 86 افراد کے خون کے نمونوں کا معائنہ کرایا جن میں تمام 86 افراد کے معائنہ کا نتیجہ مثبت پایا گیا یعنی تمام نے ڈرگ استعمال کیا تھا۔ پازیٹیو نتیجہ کے باوجود پولیس نے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی ہے۔ بنگلور کے پولیس عہدیدار بی ایس موہن کمار نے بتایا کہ ریو پارٹی کے سلسلہ میں کسی فلمی ایکٹریس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی میں موجود 30 افراد کے یورین کا سمپل حاصل کیا گیا جس کے نتیجہ کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ چلا ہے کہ گیسٹ ہاؤز میں جاری پارٹی کے تمام مہمان کرناٹک کے باہر کے ہیں۔ سنٹرل کرائم برانچ نے الیکٹرانک سٹی کے قریب واقع جس گیسٹ ہاؤز پر دھاوا کیا ، اس میں ریو پارٹی کا آرگنائزر کے ایل واسو بتایا جاتا ہے۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اسی دوران بنگلور کے پولیس کمشنر دیانند نے کہا کہ ریو پارٹی جو واسو کی برتھ ڈے پر رکھی گئی تھی ، اس میں مشہور تلگو فلم ایکٹریس ہیما شریک تھیں۔ ہیما نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ریو پارٹی میں شریک رہنے کی تردید کی اور کہا تھا کہ وہ حیدرآباد کے ایک فارم ہاؤز میں تھیں۔ پولیس کمشنر نے ہیما کے دعویٰ کو مسترد کردیا اور کہا کہ ہیما کی مو جودگی کا ثبوت موجود ہے۔ ویڈیو اور فوٹوز کے ذریعہ ہیما کی موجودگی کا ثبوت پیش کیا جاسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہیما نے پولیس عہدیداروں سے درخواست کی تھی کہ میڈیا میں ان کی شناخت ظاہر نہ کی جائے۔ ریسٹ روم جانے کے بہانے انہوں نے باہر جاکر ویڈیو تیار کیا جس میں پارٹی میں شریک ہونے کی تردید کی جبکہ یہ ویڈیو اسی فارم ہاؤز میں تیار کیا گیا جس پر پولیس نے دھاوا کیا تھا ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ پارٹی اور ویڈیو میں ہیما کا ڈریس ایک ہی ہے۔ کمشنر پولیس کے مطابق پارٹی میں کوئی عوامی نمائندے شریک نہیں تھے۔ ریو پارٹی میں منشیات کی جن اقسام کا استعمال کیا گیا ، ان میں ایم ڈی ایم اے ، کوکین ، ہائیڈرو گانجہ اور دیگر اقسام شامل ہیں۔ گرفتار شدگان میں ارون کمار ، راج ، ایل واسو اور ڈی ناگا بابو شامل ہیں۔ پارٹی کے آرگنائزر نے 25 مہمانوں کو آندھراپردیش سے مدعو کیا تھا۔ فارم ہاؤز میں موجود ایک کار پر آندھراپردیش کے ایک رکن اسمبلی کا پاس چسپاں تھا۔ پارٹی میں آئی ٹی پروفیشنلس اور تلگو فلم ایکٹرس شریک تھے۔ 1 (سلسلہ جاری)