بنگلہ دیش:بجلی بچانے کیلئے اسکول اور دفاتر کے اوقات میں کمی

   

بنگلہ دیش میں بجلی کے استعمال میں کمی کے لیے اسکولوں میں ہفتے میں ایک اضافی دن چھٹی اور سرکاری دفاتر اور بینکوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کی کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بنگلہ دیش میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نیز یوکرین جنگ کے سبب پڑنے والے مضمرات کے مدنظر بجلی بچانے کے لیے سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں کمی کا یہ فیصلہ بدھ 24 اگست سے ہی نافذ ہو گیا ہے۔کابینہ سکریٹری خاندکر انوارالاسلام نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں بیشتر اسکولوں میں یوں تو جمعے کے روز ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے تاہم اب اسکولوں کو سنیچرکے روز بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری دفاتر اور بینک اپنے روزانہ کے معمول کے اوقات کار آٹھ گھنٹے میں ایک گھنٹے کی کمی کرکے اسے سات گھنٹے کر دیں گے۔ تاہم نجی دفاتر کو ان کے اپنے اوقات کار کے مطابق کام کرنے کی اجازت ہو گی۔