بنگلہ دیش بھی طوفان سے بدحال ، 10 ہلاک

,

   

ڈھاکہ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سائیکلون ’’امفان‘‘ جس نے مغربی بنگال میں تباہی مچائی، اس سے بنگلہ دیش بھی محفوظ نہیں رہ پایا جہاں تقریباً 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ساحلی دیہات میں کافی تباہی ہوئی، بے شمار علاقے زیرآب آگئے اور سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ عہدیداروں نے جمعرات کو بتایا کہ یہ طوفان تقریباً دو دہوں میں اس خطے سے ٹکرانے والا طاقتور ترین ہے جس سے چہارشنبہ کی شام سے نقصانات شروع ہوگئے۔ 2007ء میں سائیکلون ’سدر‘ نے تقریباً 3,500 افراد کی جان لی تھی۔ وزارت صحت کے کنٹرول روم کی ترجمان عائشہ اختر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق امفان کے سبب 10 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے، لیکن یہ تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ بنگلہ دیش کے کئی ساحلی اضلاع مخدوش ہیں اور وہاں امفان سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔