سرینگر: بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کے بیچ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے بنگلہ دیش میں مقیم ہزاروں کشمیری طلبا کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ بنگلہ دیش میں گذشتہ کئی ہفتوں سے طلبا سرکری نوکریوں میں کوٹے کے مطالبے کو لے کر بر سر احتجاج ہیں اور حالیہ دنوں کے دوران ان احتجاجوں نے شدت اختیار کی ہے ۔اطلاعات کے مطابق پر تشدد مظاہروں کے دوران اب تک 39 مظاہرین کی موت واقع ہوئی ہے ۔ان پر تشدد مظاہروں کے پیش نظر محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت سے اپیل کہ ہے وہ بنگلہ دیش میں طلبا کی محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدام کریں۔انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاکہ بنگلہ دیش میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی تیز ہونے کے بیچ میں ڈاکٹر ایس جے شنکر سے گذارش کرتی ہوں کہ وہ فوری مداخلت کرکے وہاں ہزاروں کشمیری طلبا کی حفاظت کو یقینی بنائیں’۔انہوں نے کہا: وہاں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی سے ان کے والدین کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں لہذا ان طلبا کی وطن واپسی کے لئے فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے ۔