بنگلہ دیش میں تشدد اور مندروں میں توڑ پھوڑ پر حکومت ہند خاموش:اشوک گہلوت

   

جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں بغاوت کے بعد تشدد اور مندروں میں توڑ پھوڑ کے باوجود ہندوستانی حکومت نے ابھی تک عالمی پلیٹ فارم پر کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی بنگلہ دیش پر کوئی دباؤ ڈالا ہے ۔ گہلوت نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش میں بغاوت کے بعد ہونے والے تشدد میں 23 ہندو مارے گئے ہیں اور152مندروں میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے ۔ یہ افسوسناک ہے کہ ایسی صورتحال کے باوجود ہندوستانی حکومت نے ابھی تک عالمی پلیٹ فارم پر کوئی بیان دینا یا بنگلہ دیش پر دباؤ ڈالنا مناسب نہیں سمجھا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لیے سفارتی اقدامات کرے ۔بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے زوال کے بعد ملک بھر میں تشدد کے واقعات پیش آئے جن میں ہندوؤں اور مندروں کو نشانہ بنایا گیا ۔ اس کے خلاف ہندوستان میں بھی احتجاج کیا گیا لیکن حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کا کانگریس مطالبہ کررہی ہے۔