ڈھاکہ، 18 نومبر (یواین آئی) ہندوستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ڈھاکہ کے بسندھرا اسپورٹس سٹی میں میزبان بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ 2026کے فائنل میں جگہ بنالی۔ 20نومبر کو فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔یہ فائنل انتہائی دلچسپ ہونے کی توقع ہے ، خاص طور پر اس لیے کہ لیگ مرحلے میں ہندوستان کو پاکستان کے خلاف ایک وکٹ سے قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب چمپئن شپ کا خطاب داؤ پر ہے اور ہندوستانی ٹیم اس شکست کا بدلہ لے کر ٹورنمنٹ کا اختتام کامیابی کے ساتھ کرنا چاہے گی۔ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 123رنز تک محدود رکھا۔ ہندوستانی کپتان ٹی درگا راؤ نے شاندار قیادت کرتے ہوئے تین اوورز میں محض10 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ لوکیشا، دیبراج بہرا اور سنیل رمیش نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ ہندوستانی فیلڈروں نے تین کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کرکے بنگلہ دیش پر دباؤ برقرار رکھا۔بنگلہ دیش کی جانب سے محمد تحافظ نے سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ 36رنز بنائے ۔ انہوں نے 30گیندوں کا سامنا کیا۔124رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے آسانی سے کامیابی حاصل کرلی اور 13.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا لیے ۔