بنگلہ دیش: ہزاروں اپوزیشن کارکنوں پر ’جعلی‘ مقدمات درج

   

ڈھاکہ : انسانی حقوق کی ایک بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہیکہ بنگلہ دیش کی شیخ حسینہ حکومت نے تشدد کے جھوٹے الزامات کے تحت ہزاروں اپوزیشن کارکنوں پر جعلی مقدمات درج کیے ہیں۔ شیخ حسینہ کو اگلے برس عام انتخابات کا سامنا ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بنگلہ دیش میں اپوزیشن کارکنوں کے خلاف شیخ حسینہ حکومت کی اندھادھند کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ملک میں پچھلے چند مہینوں کے دوران مسلسل اور طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ بعض مظاہروں کے دوران تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔اپوزیشن نے وزیراعظم شیخ حسینہ پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزاما ت لگائے ہیں اور ملک میں آئندہ عام انتخابات ایک غیر جانبدار نگراں حکومت کے تحت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔