بودھن ۔ 8 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد راجیو گاندھی ہنمنتو نے آج حلقہ اسمبلی بودھن میں شامل نوی پیٹ اور ایڑپلی منڈلوں کے مواضعات ابھاگا پٹنم اور تھانا کلاں میں خواتین گروپس آئی کے پی کی جانب سے دھان خریدی کے لئے قائم کئے گئے مراکز کا دورہ کیا اور خریدی مراکز سے خریدی گئی اور یہاں سے رائس ملس کو روانہ کردہ دھان کی لاریوں کی تعداد کے تعلق سے مراکز کے عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی اور خالی تھیلے یا لاریوں کی کمی بیشی کے تعلق سے خریدی مراکز پر پیش آنے والی دشواریوں سے فوری انہیں واقف کروانے کی ضلع کلکٹر نے مراکز کے عہدیداروں کو ہدایت دی اور انہوں نے مراکز کے عہدیداروں کو روزانہ کم از کم چار تا پانچ لاریاں ہر مرکز سے دھان رائس ملس کو روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال خریف کے موسم میں باریک اور موٹے اقسام کے دھان خریدی کے لئے ضلع نظام آباد میں 670 خریدی مراکز قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 15 تا 18 ہزار میٹرک ٹن دھان خریدی کا نشانہ مقرر کیاگیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 65 ہزار ٹن دھان خریدی گئی۔ ضلع کلکٹر نے کہا ضابطہ کے مطابق اندرون دو یوم کسانوں کو فی میٹرک ٹن 2320 روپے دھان کی قیمت ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حکومت تلنگانہ نے بونس کی شکل میں مزید فی ٹن 500 روپے رقمی اجرائی کا اعلان کیا۔ ضلع کلکٹر کے دورہ دھان خریدی کے مراکز کے دوران ان کے ہمراہ ڈی آر او این سرینواس راؤ، ڈی ایس او اروند ریڈی، سیول سپلائر ڈی ایم راجیشور اور مقامی عہدیداروں کے علاوہ مقامی سوسائٹیوں کے چیرمین بھی موجود تھے۔