بودھن میں مشتبہ حالت میں نعش دستیاب

   

بودھن۔ بودھن کے محلہ رکاس پیٹ کے قبرستان میں نگرانکار کیلئے موجود کمرہ میں یوسف خان المعروف باڈی گارڈ عمر 58 سال کی نعش مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی۔ متوفی کو گردن پر گہرے زخم کا نشان پایا گیا۔ قبرستان کے معمر واچ مین بابو کے مطابق متوفی تقریباً ایک ماہ سے راتوں میں واچ مین کے کمرہ میں ہی شب بسری کررہے تھے۔ گذشتہ رات بھی وہ ساڑھے نو بجے حسب معمول آرام کرنے پہنچے تھے۔ بابو کے مطابق متوفی کی آمد کے بعد وہ مکان روانہ ہوگئے تھے رات میں کیا ہوا وہ لاعلم ہے۔ پولیس کو صبح اطلاع ملنے پر سرکل انسپکٹر پولیس رامن ، کمشنر پولیس رام کمار اور ڈاگ اسکواڈ و کلوز ٹیم نے پہنچ کر موقع واقعہ کی جانچ کی۔ کھوجی کتے قبرستان سے ایک کیلو میٹر دور واقع متوفی کے مکان راج ملو کیمپ پہنچ کر واپس آگئے۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے گورنمنٹ ہاسپٹل بودھن منتقل کردیا۔ متوفی کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں۔