ڈبل بیڈ روم مکان اور ایکس گریشیا کی فراہمی کا تیقن
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے کمشنر پولیس بودھن سے ربط قائم کرتے ہوئے معصوم لڑکی کے اغواء اور عصمت ریزی کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ بودھن میں کارپوریٹر کی جانب سے ایک نابالغ لڑکی کے اغواء اور عصمت ریزی کے واقعہ کے خلاف عوام میں غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے۔ محمد علی شبیر نے نئی دہلی سے کمشنر پولیس اور رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی سے ربط قائم کیا اور اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ سماج کیلئے ایک بدنما داغ ہے۔ انہوں نے لڑکی کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے اور سنگین دفعات کے تحت خاطیوں کو بک کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدالت میں موثر پیروی کرتے ہوئے سخت سزا کو یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور ایکس گریشیا کے اقدامات کئے جائیں گے۔ رکن اسمبلی سدرشن ریڈی نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کے نام پر ڈبل بیڈ روم مکان الاٹ کیا جائے گا۔1