بودھن کے سرحدی علاقوں میں گاڑیوں کی تلاشی جاری

   

بودھن۔/22 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پارلیمنٹ کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد حلقہ اسمبلی بودھن سے متصل پڑوسی ریاست مہاراشٹرا اور ضلع عادل آباد کے سرحدی علاقوں سے حلقہ اسمبلی بودھن کے راستے تلنگانہ میں داخل ہونے والی گاڑیوں و مال بردارلاریوں کی تلاشی مہم کا آغاز عمل میں آچکا ہے۔ بودھن آر ڈی او امباداس راجیشور نے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کی سرحد کھنڈگاؤں پر واقع چیک پوسٹ پر میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی شیڈول کی تاریخ کے اعلان کے فوری بعد ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بودھن حلقہ اسمبلی سے متصل مہاراشٹرا کی سرحد پر سالورہ منڈل گاؤں اور کنداکرتی کے علاوہ یمچہ پر جملہ چار چیک پوسٹس قائم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد ضلع انتظامیہ اور الیکشن کمشنر کی ہدایت پر محکمہ آبکاری و پولیس کے علاوہ دیگر سرکاری محکمہ جات کے عہدیدار شب و روز چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کو روک کر سختی کے ساتھ تلاشی کررہے ہیں۔