رکن اسمبلی شکیل عامر کا تیقن ، کورونا وباء کی وجہ تعمیری و مرمتی کاموں میں تاخیر
بودھن : شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ 45 دنوں میں بودھن ۔ نظام آباد سڑک کے مرمتی کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ بودھن۔ نظام آباد سڑک تقریباً ایک سو سال سے جوں کی توں ہے۔ اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ رکن اسمبلی بودھن نے کہاکہ اس سڑک پر موجود تنگ بریجس کو کشادہ کرنے 14 کروڑ روپئے رقم جاری ہوگی اور اس بین ریاستی سڑک کی درستگی کے لئے 40 کروڑ روپئے کی علیحدہ سے منظوری عمل میں آچکی ہے۔ شکیل عامر نے کہاکہ اس سڑک کے تعمیری و درستگی کے کام مکمل ہونے کے بعد نظام آباد تا بودھن کا سفر گھٹ کر 15 تا 18 منٹ میں طے ہوگا۔ شکیل عامر نے قبل ازیں یہاں رئیس پیٹ میں جامع مسجد کے قریب واقع اہم سڑک کی درستگی کے کاموں کا رسمی طور پر افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر انھوں نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس وباء کے باعث سڑکوں و دیگر تعمیری و درستگی کے کاموں میں تاخیر ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ پہلے مرحلہ کے دوران بے گھر افراد کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے ان کے انتخاب کے لئے آئندہ ماہ وہ ازخود بلدی حلقہ نمبر 5 تا 8 کا دورہ کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ جن کے پاس پلاٹ ہے انھیں مکانات کی تعمیر کے لئے رقم فراہم کی جائے گی اور جن کے پاس کچھ بھی نہیں ہے انھیں ڈبل بیڈ روم مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ شکیل عامر کے دورہ رئیس پیٹ کے دوران ان کے ہمراہ چیرمین بلدیہ ٹی پدما، ارکان بلدیہ عقیل فاروقی، ڈی پول کے علاوہ سید اشفاق علی، سید رفیع الدین، شرت ریڈی، جامع مسجد صدر انتظامی کمیٹی میر محبوب اللہ گلشنی، امام و خطیب مفتی شیخ جابر اشاعتی، عبدالسمیع این آر آئی، بابا این آر آئی کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔
