بورس بیکر قرض کی ادائیگی کیلئے ٹرافیز فروخت کریں گے

   

لندن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کے معروف ٹینس اسٹار بورس بیکر برطانوی فرم ویلس ہاڈی کے ذریعہ اپنی ٹرافیز اور دیگر اعزازات کو نیلامی کیلئے پیش کریں گے تاکہ قرضوں کی ادائیگی کی جاسکے۔ ومبلڈن کی تاریخ میں صرف 17 برس کی عمر میں خطاب حاصل کرتے ہوئے سب سے کم عمر چمپئن ہونے کا ریکارڈ بنانے والے بیکر اپنی 82 اشیاء کی نیلامی کریں گے جس میں میڈل، کپس، گھڑیاں اور تصاویر شامل ہیں۔ یہ نیلامی 11 جولائی تک جاری رہیں گی۔ ویلس ہاڈی منے اپنی ویب سائیٹ پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بورس بیکر اپنے بینک قرضوں کو ادا کرنے کیلئے اپنی ٹرافیز اور دیگر اشیاء نیلامی کیلئے پیش کررہے ہیں جس میں بحیثیت نوجوان چمپئن بنتے ہوئے حاصل کی جانے والی گرانڈ سلام سنگل ٹرافی بھی شامل ہے۔ 1990ء میں ومبلڈن کے فائنلسٹ رہنے پر ملنے والی میڈل اور دیگر اشیاء بھی اس میں شامل ہیں۔