مقتول کے کثرت سے شراب نوشی اور بری عادات کا شکار ہونے کا بھی انکشاف
حیدرآباد/6 فبروری، ( سیاست نیوز) بورہ بنڈہ کے مچھلی کے تاجر پی رمیش کے قتل کا معمہ ٹاسک فورس نے حل کرکے اس میں ملوث ایک سویگی ڈیلیوری بوائے کو گرفتار کرلیا۔ ایم راجو نائیک نے مقتول رمیش کو لوٹ لینے کی غرض سے اس کا منصوبہ بند طریقہ سے قتل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول رمیش کثرت سے شراب نوشی کرتا تھا اور وہ بری صحبتوں کا شکار تھا۔ راجو نائیک روزگار کی تلاش میں گاؤں سے شہر منتقل ہوا تھا اور اس نے دو خواتین سے شادی کی دونوں کے ساتھ زندگی گذارنے راجو نے مقتول کے مکان واقع بورا بنڈہ میں کمرہ کرایہ پر حاصل کیا جہاں پر دونوں کی دوستی ہوگئی اور آئے دن دونوں شراب نوشی کرتے تھے۔ راجو گذر بسر کیلئے آٹو چلانے لگا لیکن مناسب آمدنی نہ ملنے کے نتیجہ میں وہ سویگی ڈیلیوری بوائے کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔ معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر راجو نے مچھلی کے تاجر رمیش کو لوٹ لینے اور اس کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا جس کیلئے اس نے جوبلی ہلز علاقہ ایلا ریڈی گوڑہ میں ایک کمرہ کرایہ سے حاصل کیا اور یہاں پر وہ روزانہ رمیش کو لے جاکر شراب نوشی کرتا تھا۔ مقتول آئے دن مختلف خواتین سے تعلقات قائم کرتا تھا اور اس کا فائدہ اٹھاکر راجو نائیک نے ایک خاتون کو فراہم کرنے کے بہانے اسے یکم فبروری کو اپنے کمرہ میں طلب کیا اور منصوبہ کے تحت مقتول کو خواب آور گولیوں کے ساتھ کثرت سے شراب نوشی کرائی جس کے نتیجہ میں رمیش بے ہوش ہوگیا۔ اپنے ساتھ لائی ہتھوڑی سے رمیش کے سر پر وار کیا اور اس کی موت کے بعد اس کے جسم سے ساڑھے چار تولہ کی طلائی چین، انگوٹھی، دو موبائیل فونس اور پرس لے کر مقتول کی اسکوٹی گاڑی کے ساتھ فرار ہوگیا۔ راجو نائیک نے لوٹے طلائی زیورات کو ایک خانگی کمپنی میں رہن رکھوایا اور اس کے عوض اس نے سوا لاکھ روپئے حاصل کئے۔ نعش کو ٹھکانے لگانے راجو نائیک نے بڑی درانتی اور سیاہ بیاگس خرید کر تین دن کے بعد اپنے کرایہ کے کمرہ کو پہنچا اور مقتول کے دونوں ہاتھ کاٹ کر بڑے تھیلے میں ڈال دیئے لیکن جسم کے دیگر حصے کاٹنے سے وہ گھبرا گیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ راجو نائیک نے شاطرانہ انداز میں مقتول کے رشتہ داروں کو تاوان کا مطالبہ کرنے کے بہانے ان کی توجہ ہٹائی اور مقتول کے فون سے وہ واٹس اپ چیاٹنگ کرنے لگا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے ایک لڑکی کا سم کارڈ بھی استعمال کیااور پولیس کو چکمہ دینے کی کوشش کی ۔ ٹاسک فورس نے راجو نائیک کا اس کے ایک اور کرایہ کے مکان ملکاجگری میں ہونے کا پتہ لگایا اور اسے گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے مقتول کے دو موبائیل فونس ، اسکوٹی موٹر سیکل اور دیگر اشیاء ضبط کرلئے ۔ تفتیش کے دوران راجو نائیک نے اقبال جرم کیا۔