بونال انتظامات کو وقت مقررہ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

جی ایچ ایم سی سے 30 کروڑ کے ترقیاتی کام ، وزیر ٹی سرینواس یادو کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔3جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں بونال تہوار کے سلسلہ میں ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تہورا کے آغاز سے قبل تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں اور سکندرآباد میں منعقد ہونے والے بونال تہوار کے سلسلہ میں درکار کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ جائزہ اجلاس کے دوران مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد جی ایچ ایم سی نے 30کروڑ روپئے کی لاگت سے مختلف کامو ںکی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے او راس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جلوس گذرنے کے راستوں کے علاوہ اہم منادر کے قریب صفائی اور مرمت کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ گولکنڈہ کے بونال کے لئے خصوصی انتظامات روشنیوں کے انتظام کی ہدایات دی جاچکی ہیں۔ ٹی سرینواس یادو نے اجلاس کے دوران بتایا کہ حکومت کی جانب سے بونال تہوار کو سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی لئے عہدیدارو ںاور متعلقہ محکمہ جات کو کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے ۔ بونال تہوار کے لئے گولکنڈہ ‘ لال دروازہ اور سکندرآباد میں خصوصی انتظامات کی گذشتہ ماہ ہی ہدایات دی جا چکی ہیں اور ان تک مکمل کئے جانے والے کاموں کے سلسلہ میں سرینواس یادو نے عہدیداروں سے کاموں کی تکمیل اور جاریہ کاموں کی تکمیل کی مدت کے سلسلہ میں استفسار کیا جس پر عہدیداروں نے بونال کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں سے واقف کروایا۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے محکمہ انڈومنٹ کے عہدیداروں کو ہدیات دی کہ تمام منادر میں خصوصی انتظامات کو یقینی بنایاجائے علاوہ ازیں انہوں نے محکمہ برقی ‘ آبرسانی اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو بھی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بونال تہوارکے دوران پرانے شہر کے منادر کے قریب کلچرل پروگرام کا انعقاد عمل میں لا یا جاتا ہے اس کیلئے بھی محکمہ کے تعاون سے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور گولکنڈہ میں بونال کے دوران محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کے لئے بھی ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔