حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انڈومنٹ اندرا کرن ریڈی اور وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے 25 اور 26 جولائی کو سکندرآباد اجین مہانکالی بونال تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ عوام کے ہجوم کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ جلوس کے راستوں پر سڑکوںکی تعمیر اور صحت و صفائی کے انتظامات ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جائیں۔ بھکتوں کی سہولت کے لئے بہتر سہولتوں کا انتظام رہے ۔ پولیس اور ٹریفک پولیس کو امن و ضبط کی صورتحال اور ٹریفک سے نمٹنے کیلئے ہدایات دی گئیں۔ کورونا وباء سے بچاؤ کے لئے ہر شخص کو ماسک کے استعمال کا پابند کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ سماجی دوری برقرار رکھی جائے گی ۔ پولیس عہدیداروں کو بونال تقاریب کے پرامن انعقاد کے لئے ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی گئی ۔ اجلاس میں کلکٹر حیدرآباد سویتا موہنتی ، ٹورازم کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر منوہر کے علاوہ جی ایچ ایم سی اور پولیس کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔