حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) محکمہ جنگلات کی جانب سے بونال جلوس میں ہاتھی کے استعمال کے لئے این او سی جاری کردیا ہے ۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ نے کمشنر انڈومنٹ کو این او سی کی نقل روانہ کی ہے۔ حیدرآباد میں جلوس کے منتظمین نے 26 جولائی ، یکم اگست اور 2 اگست کو سکندرآباد ، کاروان اور ہری باؤلی میں مہانکالی جلوس کے دوران ہاتھی کے استعمال کی اجازت طلب کی تھی۔ کرناٹک کے ایک مٹھ سے یہ ہاتھی منتقل کیا جائے گا ۔ محکمہ جنگلات نے شرائط کے ساتھ جلوس میں ہاتھی کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ احکامات کے مطابق این او سی جلوس کے لئے پولیس کی اجازت کا تابع رہے گا۔ اگر جلوس کو پولیس کی اجازت نہ ملے تو این او سی از خود کالعدم ہوجائے گا۔ محکمہ جنگلات نے ہاتھی کی منتقلی اور اس کی نگہداشت کے لئے مختلف شرائط عائد کی ہیں۔ یہ این او سی 3 اگست تک کارکرد رہے گا اور جلوس کے اختتام کے اندرون 24 گھنٹے ہاتھی کو کرناٹک واپس منتقل کرنا ہوگا ۔
