بونال فیسٹول روکنے پر کورونا کیسیس میں مزید اضافہ ہوگا

   

Ferty9 Clinic

ہنمنت راؤ کا ریمارک،حکومت پر دباؤ بنانے کشن ریڈی کو مکتوب
حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بونال تقاریب گھروں میں منانے سے متعلق حکومت کے فیصلہ پر تنقید کی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بونال فیسٹول دراصل خواتین کا تہوار ہے اور جب کبھی وباؤں اور مصیبتوں سے سماج گرفتار ہوا تو خواتین اس سے نجات کے لئے دعا کرتی ہیں۔ نظام دور حکومت میں گولکنڈہ میں بونال فیسٹول کا اہتمام کیا جاتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی سے مشاورت کے بغیر یکطرفہ فیصلہ کیا ہے۔ خواتین کو منادر آنے سے روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی دکانات اور بازار کھول دیئے گئے ہیں لیکن خواتین کو بونال کے لئے مندر جانے سے روکا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بونال فیسٹول کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ریاست میں کورونا وائرس مزید پھیل جائے گا۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کے مذبہی جذبات سے کھلواڑ کے بجائے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بونال فیسٹول کے انعقاد کے لئے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ بونال کا جلوس سکندرآباد میں 13 جولائی اور پرانے شہر میں 20 جولائی کو مقرر ہے۔ ایسے میں حکومت کو پابندیاں عائد کرنے سے روکنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بونال تلنگانہ کا روایتی تہوار ہے اور حیدرآباد میں اسے حکومت نے سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا تھا ۔ مکتوب میں کہا گیا کہ مندر کمیٹیوں سے مشاورت کے بغیر گھروں میں منانے کی اپیل کی گئی ہے۔ نرنجن نے کہا کہ سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ بونال فیسٹول کی اجازت دی جانی چاہئے ۔