بپن راوت کی آج آخری رسومات،مودی کا خراج

,

   

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ اور دیگر 11 مہلوکین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جن کی کل ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت ہوگئی تھی ۔ تملناڈو کے پہاڑی ضلع نیل گیری میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہونے والے ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس جمعرات کی صبح دستیاب ہوا۔گزشتہ روز پیش آئے اس ہیلی کاپٹر حادثے میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور دیگر 11 افراد کی موت ہوگئی تھی۔ دریں اثناء قومی پرچم میں لپٹے جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر 11 افراد کے جسد خاکی پھولوں سے سجی فوجی گاڑی سے کالج کیمپس میں رکھا گیا جہاں سے انہیں دہلی منتقل کیا گیا ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج حادثہ کی تفصیلات پیش کیں اور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ تینوں افواج کی ایک مشترکہ ٹیم ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات کرے گی جس کے سربراہ ایئر مارشل مانونر سنگھ ہوں گے۔ راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ جنرل راوت کی آخری رسومات پوری فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ وزیر دفاع نے یہ اطلاع دی کہ اِس حادثہ میں شدید طور پر زخمی ورون سنگھ کا علاج کیا جارہا ہے جو اِس وقت لائف سپورٹ سسٹم پر ہیں۔ آئندہ 48 گھنٹے اُن کی زندگی کے لئے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ کل دن میں 11 تا 1.30 بجے سی ڈی ایس کرج مارگ میں واقع بپن راوت کی قیامگاہ پر عوام کو اُن کے آخری دیدار کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ فوج کے عہدیدار 12.30 تا 1.30 بجے دن جنرل بپن راوت کو خراج پیش کریں گے۔ جس کے بعد دہلی کے کنٹونمنٹ برار اسکوائر میں آخری رسومات کے لئے لیجایا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ جنرل راوت ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت ،بریگیڈیر ایل ایس لیڈر اور لانسر نائک وویک کمار کی نعشوں کی شناخت ہوگئی ہے جنہیں آخری رسومات کیلئے ان کے ارکان خاندان کے حوالے کیا جائے گا ۔ دیگر کو آرمی ہاسپٹل میں رکھا گیا ہے ۔ جنرل راوت اور ان کی اہلیہ کے آخری دیدار کے بعد ارتھی کا جلوس دن میں 2 بجے شروع ہوگا اور برار اسکوائر شمشان میں شام 4 بجے آخری رسومات کا پروگرام طئے ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور آرمی کمانڈر سری لنکا جنرل شویندر سلوا بپن راوت کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ کے ضمن میں جمعرات کو پولیس کی جانب سے ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ نیلگریز ڈسٹرکٹ پولیس نے دفعہ 174 کے تحت ایف آئی آر درج کی۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات کے حصہ کے طور پر ڈرون کیمرے کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔ اِس حادثہ پر مختلف اپوزیشن قائدین کی جانب سے بھی گہرے رنج کا اظہار کیا جارہا ہے۔